نئی دہلی، 27 مارچ (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کے ذریعے پیش کئے گئے کم ازکم آمدنی کا منصوبہ (NYAY منصوبہ) پر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے سابق گورنر اور معیشت کے ماہر رگھورام راجن نے بدھ کو کہا کہ زراعتی شعبے میں مشکلات اور اور غریبی کی وجہ سے معیشت دباؤ میں ہے، ایسے میں اس طرح کے کسی منصوبے کے لئے گنجائش پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
رگھورام راجن نے کہا کہ کم از کم آمدنی کی ضمانت کا مجوزہ منصوبہ نظریاتی طور پر اچھا ہے اور یہ کارگر بھی ہو سکتا ہے،تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے لئے ملک کی مالیاتی حقائق کا خیال رکھنا ہوگا۔رگھو رام راجن نے اپنی کتاب ’دی تھرڈ پلر‘ کے اجراء کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس اسکیم کے تعلق سے کانگریس کے لیڈران نے ان سے بھی صلاح و مشورہ لیا تھا۔
یاد رہے کہ 25 مارچ کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے ملک کے تقریبا 20 کروڑ غریبوں کو فائدہ پہنچانے والے ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو 20 کروڑ غریب خاندانوں کو سالانہ کم از کم 72000 روپے کی آمدنی کو یقینی بنایا جائے گا۔
رگھو رام راجن نے کہا کہ کانگریس کی مجوزہ منصوبہ بندی سے عوام کی سطح پر بلند قیادت ہوگی، اگرچہ انہیں اس بات کو لے کر تھوڑا شک بھی تھا کہ ہندوستانی معیشت اتنے بڑے اخراجات کو برداشت کر سکتی ہے یا نہیں۔ مگر اس منصوبہ کے تحت سالانہ تقریبا 3.6 لاکھ کروڑ روپے کا خرچ ہو سکتا ہے، جو کہ سوشل منصوبوں پر مودی حکومت کے 2019۔20 کے طے بجٹ 3.34 لاکھ کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہے۔کانگریس نے کہا ہے کہ اس اسکیم کو نافذ کرنے میں کسی موجودہ منصوبہ بندی کو ختم نہیں کیا جائے گا، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس اقتدار میں آئی تو حکومت کو سماجی منصوبوں کے لئے 6.94 لاکھ کروڑ روپے کی سبسڈی دینی ہوگی۔
رگھو رام راجن نے کہاکہ صحیح طریقے سے اگر یہ اسکیم لاگو کی جاتی ہے تو اس اسکیم کے ذریعے’ انقلاب‘لایا جا سکتاہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس منصوبے کو لے کر اُن سے مشاورت لینے کو سیاسی چشمے سے دیکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔. انہوں نے کہا کہ براہ راست منتقلی (ڈی بی ٹی) پچھلی دونوں سرکاروں کے بیچ ایک عام موضوع رہا ہے. یہ ایک غریبی ہٹانے والا منصوبہ ہے اور دونوں حکومت غربت کے خاتمے سے اتفاق رکھتے ہیں.سابق گورنر نے کہا کہ اس اسکیم کی بنیاد ہی غریبوں کو فائدہ پہنچانا اور انہیں بہتر زندگی حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے.